ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بدلاپور کیس: اکشے شندے کی آخری رسومات کے دوران تنازع، شمشان گھاٹ میں قبر کو بند کر دیا گیا

بدلاپور کیس: اکشے شندے کی آخری رسومات کے دوران تنازع، شمشان گھاٹ میں قبر کو بند کر دیا گیا

Mon, 30 Sep 2024 10:33:45    S.O. News Service

ممبئی، 30/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر کے بدلاپور علاقے میں بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے ملزم اکشے شندے، جو پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوا تھا، کی آخری رسومات کے دوران شدید ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اتوار کے روز جب شمشان گھاٹ میں اسے دفنانے کی کوشش کی گئی تو مقامی افراد اور خواتین نے زبردست احتجاج کیا۔ عوام کی ناراضگی اس حد تک بڑھ گئی کہ لوگوں نے قبر پر مٹی ڈال کر اسے بند کر دیا۔

شمشان گھاٹ میں تدفین کے دوران پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے اور پورے علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا تھا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ خواتین کا اصرار تھا کہ اکشے شندے جیسے مجرم کی قبر ان کے علاقے میں نہیں کھودی جا سکتی اور انہوں نے قبر کے کھودنے کی شدید مخالفت کی۔

اکشے شندے کے اہل خانہ نے تدفین کے لیے عدالت سے اجازت لی تھی اور عدالت کے حکم کے مطابق اس کی تدفین کی گئی۔ اہل خانہ نے عدالت میں بیان دیا کہ اکشے کی خواہش تھی کہ اسے دفن کیا جائے۔ عدالت کی اجازت کے بعد پولیس کی نگرانی میں اکشے کی تدفین کی گئی، لیکن تدفین کے دوران مقامی لوگوں کی طرف سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

یاد رہے کہ اکشے شندے پر بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات تھے اور اس کے خلاف کئی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ عوامی احتجاج کے بعد اسے پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں ان کی پولیس انکاؤنٹر میں موت ہو گئی تھی۔


Share: